Saturday, September 12, 2026
spot_img
HomeArticleکہتے ہیں عشق نام کے گزرے ہیں اک بزرگ

کہتے ہیں عشق نام کے گزرے ہیں اک بزرگ

از قلم: سید علی اصغر کاظمی
(ایم اے اردو صحافی و تجزیہ کار)

“میرا نکاح ہے” اُس کا میسج پڑھ کر نیلی آنکھوں والی لڑکی کی آنکھ سے ایک موتی ٹوٹ کر موبائل کی سکرین پر گرا ۔
اسے لگا آسمان اس کے سر پر آ گرا ہے،

‘ہممم! مبارک ہو’

حواس بحال ہوتے ہی اس نے کپکپاتی انگلیوں کے ساتھ میسج ٹائپ کیا اور اسے بھیج دیا۔۔۔۔
اس لڑکی کا جواب پڑھ کر ایک پل کے لئے اس کا دل لرز گیا تھا ۔
وہ اس میسج کے پیچھے چھپی اداسی کو محسوس کر سکتا تھا۔

‘آپ کو کوئی اعتراض نہیں؟’

اس نے دوسرا میسج لکھا اور اسے بھیج دیا ۔

‘نہیں’

اس کا یک حرفی جواب پڑھ کر اِس کی آنکھوں میں نمی تیرنے لگی ۔

‘ایک بار اپنے دل سے پوچھ کر بتائیں ، کیا آپ کو ذرا برابر فرق بھی نہیں پڑے گا؟’

وہ رو دینے کو تھا !

‘نہیں مجھے نہیں پڑتا فرق ، مجھے کیوں فرق پڑنے لگا؟ ‘

مسلسل رونے کی وجہ اس نیلی آنکھوں والی لڑکی کی ہچکی بندھ گئی تھی ۔۔۔۔

‘تو پھر رو کیوں رہی ہیں آپ ؟ آپ کو تو فرق نہیں پڑتا ناں ؟ کیوں رو رہی ہیں؟’

بھلے وہ اسے دیکھ نہیں پا رہا تھا نہ ہی سن پا رہا تھا لیکن وہ اس کے آنسو ، اس کی ہچکیاں اس کے میسج کے پیچھے چھپا دکھ ۔۔ اچھے سے محسوس کر سکتا تھا ۔۔۔
نیلی آنکھوں والی لڑکی کو اس نے پھر سے حیران کر دیا تھا ۔۔۔۔ وہ جب بھی روتی تو وہ جان جاتا تھا !

‘نہیں ، میں نہیں رو رہی ، میں کیوں رونے لگی ‘

نیلی آنکھوں والی لڑکی نے ہتھیلی کی پشت سے آنکھیں رگڑیں ، پھر دوپٹے کے سرے سے موبائل کی سکرین صاف کی جو اس کے آنسوؤں سے بھیگ چکی تھی اور جواب لکھا ۔

‘آپ جانتی ہیں آپ مجھ سے جھوٹ نہیں بول سکتیں ، پھر کیوں ۔۔۔۔۔۔۔۔’

اس نے جملہ ادھورا چھوڑ دیا ۔

‘ ہاں میں بول رہی ہوں جھوٹ ، میں نہیں دکھی کر سکتی آپ کو ، آپ نکاح کر لیں اسی میں سب کی بھلائی ہے ‘

ایک بار پھر اس نیلی آنکھوں والی لڑکی کی آنکھوں سے اشکوں کا سیلاب رواں دواں تھا ۔۔۔۔

‘آپ مجھے دکھی نہیں دیکھ سکتیں ، اور میں آپ کے بغیر خوش نہیں رہ سکتا ، آپ کو مجھ سے محبت ہے مان لیں یہ بات ، میں نے آج تک آپ کو دیکھا نہ سنا لیکن پھر بھی میں آپ سے محبت کرتا ہوں ، بے لوث محبت ! میں صرف آپ سے نکاح کرنا چاہتا ہوں ، میں آپ کے بغیر کسی اور سے نکاح کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔۔۔۔

وہ رو رہا تھا ، ایک مضبوط مرد رو رہا تھا ، اپنی محبت کے لئے ۔۔۔۔
‘ یہ نا ممکن ہے! آپ جانتے ہیں مجھے بلڈ کینسر ہے ، میری زندگی کے چند ایام باقی ہیں آپ میرے لئے اپنی زندگی برباد مت کریں’

‘ میری محبت لمبی زندگی یا وقت کی محتاج نہیں ہے ۔ خدا کے لئے نکاح کر لیں مجھ سے ، میری حیات کو آپ کی حیات کے چند لمحات بھی کافی ہیں ‘

اس وقت وہ خود کو دنیا کا سب سے بے بس مرد تصور کر رہا تھا۔۔۔

‘ میں آپ کی زندگی برباد نہیں کر سکتی، آپ نکاح کر لیں جہاں آپ کے گھر والے چاہتے ہیں یہی میری آخری خواہش ہے امید ہے آپ میرا مان رکھیں گے ، خدا حافظ !’

اس نیلی آنکھوں والی لڑکی میں جانے اتنا حوصلہ کہاں سے آیا تھا ۔۔۔۔
اس نے کہہ کر موبائل آف کر دیا ۔۔۔۔۔۔۔

ادھر اس کے ہزاروں میسج ، منتیں تللے !۔۔۔۔۔ لیکن اسے کیا خبر تھی کہ وہ نیلی آنکھوں والی لڑکی ابدی نیند سو چکی ہے !

یہ اس کے نکاح کا دن تھا۔۔۔۔

‘کیا آپ کو یہ نکاح قبول ہے؟ ‘

مولوی صاحب نے پوچھا ۔۔۔۔۔
لیکن وہ تو کسی اور ہی سوچ میں گم تھا

‘بیٹا مولوی صاحب کچھ پوچھ رہے ہیں’

والد کی آواز پر وہ حقیقت کی دنیا میں آیا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ‘آپ کو نکاح قبول ہے؟’
مولوی صاحب نے جملہ دہرایا

”میں آپ کے بغیر کسی اور سے نکاح کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔۔۔۔”
اسے اپنا کہا ہوا جملہ یاد آیا ،،،

”نن ” وہ انکار کرنے والا تھا لیکن اس کی سماعت سے اس نیلی آنکھوں والی لڑکی کی آواز ٹکرائی جسے اس نے کبھی سنا ہی نہیں تھا

”آپ نکاح کر لیں جہاں آپ کے گھر والے چاہتے ہیں یہی میری آخری خواہش ہے امید ہے آپ میرا مان رکھیں گے”

قق ۔۔ قبول ۔۔۔
وہ ‘قبول ہے’ کہنا چاہتا تھا لیکن اس کے الفاظ اس کی زبان کا ساتھ نہیں دے رہے تھے ،، اس کا دماغ سائیں سائیں کر رہا تھا

”میں آپ کے بغیر کسی اور سے نکاح کا تصور بھی نہیں کر سکتا ”
اسے بس یہی یاد تھا کہ وہ اس نیلی آنکھوں والی لڑکی سے محبت کرتا ہے !”

میں آپ کے بغیر کسی اور سے نکاح کا تصور بھی نہیں کر سکتا ”

اس کے کانوں میں بس یہی الفاظ گونج رہے تھے ۔۔۔۔

اور پھر کسی نے کہا کہ اس خوبصورت نوجوان کی حرکت قلب بند ہو گئی !
جس گھر میں کچھ دیر پہلے خوشیاں ہی خوشیاں تھیں وہاں ماتم کی صفیں بچھ گئیں
محشر بپا ہو گیا تھا !

پھر ایک اور محبت اپنے اختتام کو پہنچی ۔۔۔۔ بلکہ امر ہو گئی ۔۔۔

ہاں ایک اور محبت امر ہو گئی ! اس لڑکے نے اپنا کہا ہوا سچ کر دکھایا تھا
”میں آپ کے بغیر کسی اور سے نکاح کا تصور بھی نہیں کر سکتا ”

اور واقعی ! ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک اور محبت امر ہو گئی !۔۔۔۔۔۔۔

spot_imgspot_img

FOLLOW US

RELATED ARTICLES

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Al Shifa Diagnostic Laboratory Surankote

- Advertisment -spot_imgspot_img
spot_imgspot_img

Most Popular

Recent Comments