Saturday, September 12, 2026
spot_img
HomeLatest/تازہ ترینپی ڈی پی مینڈھر کے خیمے میں تذبذب برقرار

پی ڈی پی مینڈھر کے خیمے میں تذبذب برقرار

معروف خان کو ٹکٹ سے انکاری پارٹی کا انتخابی میدان مشکل کرنے کے مترادف

انتخابات کسی بھی جماعت یا اُس کے امیدوار کے لیے ایک کڑوی آزمائش کی طرح ہوتے ہیں، جہاں کوئی کامیاب ہوتا ہے تو کوئی شکست کی دھول چاٹتا ہے۔ وفاداری کے امتحان میں کبھی وفادار ہی نکل آتا ہے، کبھی وفاداری کا بھرم ٹوٹتا ہے۔ پارٹی بدلنے کی دوڑ میں کسی کا سیاسی مستقبل بن جاتا ہے تو کسی کا خواب چکنا چور ہو جاتا ہے۔ سب کچھ پلک جھپکتے ہی بدل جاتا ہے۔ یہی صورتحال اِس وقت جموں و کشمیر میں ہے، کیونکہ یہاں اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔
جموں و کشمیر میں جاری اسمبلی انتخابات نے سیاسی منظرنامے کو تیزی سے تبدیل کر دیا ہے۔ اسی بیچ پونچھ ضلع سے تعلق رکھنے والے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے سابق جنرل سیکرٹری اور نامور وکیل ایڈوکیٹ معروف خان کو اس بار ٹکٹ نہ ملنے کا امکان ہے اور اِس سلسلے میں پارٹی کے اندر موجود مخالفین جی توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ معروف خان کو ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے ضلع پونچھ میں پی ڈی پی کے لیے مشکلات کھڑی ہو سکتی ہیں۔
سیاسی ماہرین کا ماننا ہے کہ معروف خان کو پی ڈی پی کی طرف سے نظرانداز نہیں کیا جانا چاہئے کیونکہ اِس فیصلے خان کا ووٹ بینک بھی پارٹی سے علیحدگی اختیار کر سکتا ہے جو اُن کے اعتبار سے پارٹی کیلئے نقصان دہ ثابت ہو جائے گا۔ معروف خان کی مقبولیت اور ووٹ بینک خطے میں پی ڈی پی کی طاقت ہے، جسے نظرانداز کرنا سیاسی مخالفین کی جیت کو یقینی بنانا ہے۔
لائن آف کنٹرول پر واقع پونچھ ضلع سیاسی اعتبار سے ہمیشہ ایک حساس علاقہ رہا ہے۔ یہاں کی عوام مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستگی رکھتی ہے اور ہر الیکشن میں زبردست مقابلے دیکھنے کو ملتے ہیں، لیکن معروف خان سمیت چند رہنمائوں کی وجہ سے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کو کافی مقبولیت اور عوامی حمایت حاصل ہے۔ پونچھ تین اسمبلی حلقوں حویلی، مینڈھر، اور سرنکوٹ پر مشتمل ہے۔ ہر حلقے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوتا ہے، لیکن پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس یہاں کی بڑی سیاسی جماعتوں میں شمار کی جاتی ہیں۔
ایڈوکیٹ معروف خان پونچھ ضلع کی سیاست میں ایک نمایاں شخصیت ہیں۔ وہ نہ صرف ایک قابل وکیل ہیں بلکہ ایک تجربہ کار سیاست دان بھی ہیں جن کا اثر مینڈھر کے علاوہ دیگر حلقوں میں بھی محسوس کیا جاتا ہے۔ 1997 سے پونچھ کی عدالتوں میں وکالت کرنے والے معروف خان نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز پی ڈی پی سے کیا تھا، اور اب وہ پارٹی کے جنرل سیکرٹری ہیں۔
ایڈوکیٹ معروف خان نے 2014 کے اسمبلی انتخابات میں پی ڈی پی کی طرف سے مینڈھر اسمبلی حلقہ میں حصہ لیا۔ معروف خان نے پونچھ کی سیاست میں اپنے اثر و رسوخ کی بنیاد رکھی اور ان کی محنت اور مخلصی نے انہیں عوامی حمایت حاصل کرنے میں مدد دی۔ انہوں نے مینڈھر اسمبلی حلقہ میں 22,000 سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، جو کہ پی ڈی پی کے لیے ایک قابلِ ذکر کامیابی تھی۔ ان کی انتخابی مہم میں ان کے عوامی رابطے، مقامی مسائل پر توجہ، اور قائدانہ صلاحیتیں شامل تھیں، لیکن پارٹی کے اندر موجود خلفشار نے انہیں شکست کے دہانے پر پہنچا دیا۔ ان کی شکست کے باوجود، انہوں نے اپنے سیاسی اثر و رسوخ کو برقرار رکھا اور بعد کے انتخابات میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔
ادھر، پی ڈی پی کے بانی رہنما اور سابق ایم ایل سی مرتضیٰ خان نے بھی پارٹی سے علیحدگی کے بعد پی ڈی پی کے ووٹ بینک کو تقسیم کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔ 2014 کے اسمبلی انتخابات میں مرتضیٰ خان نے کانگریس کی ٹکٹ سے الیکشن لڑا اور پی ڈی پی کو شکست دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
2014 کے انتخابات کے بعد، پی ڈی پی نے معروف خان کو پارٹی کا جنرل سیکرٹری بنا دیا اور انہیں پونچھ کے ساتھ ساتھ پورے پیرپنچال میں پارٹی کی ذمہ داری سونپ دی، لیکن حالیہ انتخابات میں پی ڈی پی کی قیادت نے معروف خان کو اس بار ٹکٹ ملنے پر تذبذب ہے، جس سے پارٹی میں اختلافات اور عدم اطمینان پیدا ہوا۔ معروف خان، جو کہ پارٹی کے ایک متحرک اور مخلص رکن ہیں، پارٹی کے فیصلے سے کافی مایوس نظر آ رہے ہیں۔
پی ڈی پی نے مینڈھر حلقے کی ٹکٹ پر غیر واضح موقف اپنا کر پارٹی کی اندرونی سیاسی صورتحال کو پیچیدہ کر دیا ہے۔ معروف خان کی عدم موجودگی کی صورت میں پی ڈی پی کو مینڈھر اسمبلی حلقے میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے، کیونکہ ان کی موجودگی نے پارٹی کو مضبوط بنایا تھا۔ ابھی تک معروف خان نے اس بارے میں کوئی ذاتی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ معروف خان کی غیر موجودگی پی ڈی پی کے لیے ایک بڑا چیلنج ہو سکتی ہے۔ اگرچہ پی ڈی پی نے اپنے نئے امیدواروں کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے، لیکن معروف خان جیسے سینئر رہنما کی غیر موجودگی میں پارٹی کی پوزیشن کمزور ہو سکتی ہے۔ دوسری طرف، نیشنل کانفرنس اور بی جے پی نے اپنے مضبوط امیدواروں کے ساتھ انتخابات میں شرکت کی ہے، جس سے نیشنل کانفرنس کے جیتنے کے امکانات روشن نظر آ رہے ہیں۔
نیشنل کانفرنس نے مینڈھر اسمبلی حلقے سے اپنے پیرپنچال زون کے صدر اور سابق ایم ایل اے جاوید احمد رانا کو میدان میں اتارا ہے۔ جاوید احمد رانا ایک سینئر اور تجربہ کار سیاست دان ہیں جنہوں نے پچھلے انتخابات میں بھی مینڈھر سے پی ڈی پی کے امیدوار کو شکست دی تھی۔ ان کی موجودگی نیشنل کانفرنس کے لیے ایک مضبوط امیدوار کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔
اسی دوران، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے مرتضیٰ خان کو ٹکٹ دیا ہے، جو کہ پی ڈی پی کے بانی رہنماوں میں شامل تھے۔ مرتضیٰ خان نے 2014 کے انتخابات میں بھی پی ڈی پی کے ووٹ بینک کو تقسیم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس بار ان کی بی جے پی سے وابستگی نے سیاسی ماہرین کے لیے دلچسپی کا ایک نیا موضوع فراہم کیا ہے۔
سیاسی واچ ڈاگ کا ماننا ہے کہ معروف خان اِس الیکشن میں اسمبلی حلقہ مینڈھر کیلئے ’کنگ میکر‘ کا کردار ادا کر سکتے ہیں، وہ اپنے ذاتی ووٹ بینک کے سہارے کسی بھی سیاسی جماعت یا امیدوار کی ہار جیت طے کر سکتے ہیں۔ پی ڈی پی کو معروف خان کو لے کر سنجیدگی سے فیصلہ کرنا چاہئے۔
اس وقت تمام نظریں معروف خان پر ہیں کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔ کیا وہ پی ڈی پی کے ساتھ رہیں گے یا علیحدگی اختیار کریں گے؟ اگر وہ علیحدگی اختیار کرتے ہیں تو کیا وہ آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں آئیں گے یا کسی اور سیاسی جماعت کا حصہ بنیں گے؟ یہ سوالات اس وقت ضلع پونچھ کی سیاست میں گونج رہے ہیں۔
جموں و کشمیر کے جاری اسمبلی انتخابات میں پونچھ ضلع کی سیاست ایک دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ ایڈوکیٹ معروف خان جیسے سینئر سیاست دان کی غیر موجودگی نے سیاسی منظرنامے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ ان کا مستقبل کا فیصلہ نہ صرف ان کے اپنے سیاسی کریئر کے لیے اہم ہوگا بلکہ پی ڈی پی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔ اس وقت پونچھ ضلع کے عوام کی نظریں اس بات پر لگی ہوئی ہیں کہ معروف خان کیا فیصلہ کریں گے اور یہ فیصلہ ضلع کی سیاست پر کیا اثرات ڈالے گا۔
ویب ڈیسک
(کاپی رائٹ: تمام حقوق صرف پیرپنچال سپیکس کے پاس محفوظ ہیں)
spot_imgspot_img

FOLLOW US

RELATED ARTICLES

1 COMMENT

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Al Shifa Diagnostic Laboratory Surankote

- Advertisment -spot_imgspot_img
spot_imgspot_img

Most Popular

Recent Comments