عاقب خواجہ
سرنکوٹ: ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ذونل صدر سید محمد یوسف شاہ اور تحصیل نائب صدر نور احمد انجم نے وزیر جل شکتی چوہدری جاوید احمد رانا سے ملاقات کی اور ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر پروفیسر غلام عباس بھی موجود تھے۔
وفد نے وزیر موصوف کو اساتذہ کو درپیش مسائل کے حوالے سے ایک یادداشتی دستاویز پیش کی۔
محمد یوسف شاہ نے رہبر تعلیم اساتذہ کی ٹرانسفر پالیسی کی عدم موجودگی اور پینشن سکیم سے باہر رکھے جانے جیسے مسائل پر روشنی ڈالی اور حکومت حکم نامہ 469 کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈائریکٹر لیول پر اساتذہ کی فائلیں ویریفیکیشن کے عمل میں تاخیر کا شکار ہیں جس سے انہیں ہراسانی کا سامنا ہے۔
وزیر جل شکتی چوہدری جاوید احمد رانا نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ آئندہ اسمبلی سیشن میں اساتذہ کے مسائل کو اجاگر کیا جائے گا اور ڈائریکٹریٹ سطح پر زیر التوا کاموں کو جلد نمٹانے کی کوشش کی جائے گی۔






