یو این آئی سرینگر// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر مبارک گل نے ہفتے کو جموں و کشمیر اسمبلی کے عبوری اسپکیر منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنے منشور کو عملی جامہ پہنانے کے لئے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا: ’نیشنل کانفرنس اپنے اہداف سے منحرف نہیں ہوگی اور نہ ہم کمزور ہوں گےـ۔ موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو عبوری اسپیکر کا حلف لینے کے بعد یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔جموں وکشمیر اسمبلی کا عبوری اسپیکر منتخب ہونے پر انہوں نے کہا: ’اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ مجھے یہ موقع نصیب ہوا یہ موقع ہر کسی کو نصیب نہیں ہوتا ہے‘۔انہوں نے کہا: جس طرح ایک کھلاڑی کو اعزاز سے نواز جاتا ہے اسی طرح مجھے بھی ایک بڑے اعزاز سے سرفراز کیا گیا‘۔ان کا کہنا تھا: ’عمر عبداللہ نے ایک وعدہ کیا ہے اور نیشنل کانفرنس اپنے اہداف سے منحرف نہیں ہوگی اور نہ ہم کمزور ہوں گے‘ـ۔ قابل ذکر ہے کہ مبارک گل نے ہفتے کو یہاں راج بھون میں جموں و کشمیر اسمبلی کے عبوری اسپیکر کے طور پر حلف لیا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعے کے روز مبارک گل کو عبور ی سپیکر مقرر کیا تھا۔منوج سنہا کی طرف سے جاری کردہ ایک مواصلت میں کہا گیا تھا کہ جموں وکشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019 کے سیکشن 24
کے تحت مبارک گل کو عبوری سپیکر مقرر کیا گیا ہے






